بہت زیادہ اہمیت والی دعا

کفعمی(رح) اور دیگر علما نے امام محمد باقر(ع) سے روایت کی ہے کہ جو شخص نماز فجر کے بعد زوال آفتاب کے وقت اور بعد از عصردس دس مرتبہ سورہ اِنّا اَنْزَلْناھُ فِیْ لَیْلَۃِ القَدْر پڑھے تو اس کا ثواب لکھنے والے تیس سال تک مشقت میں پڑے رہیں گے نیز آنجناب(ع) ہی سے مروی ہے کہ جو شخص اس سورہ کو طلوع فجر کے بعد سات مرتبہ پڑھے تو اس کے لیے فرشتوں کی ستر صفیں ستر مرتبہ صلوات پڑھتی ہیں اور ستر مرتبہ اس کے لیے رحمت طلب کرتی ہیں۔ امام محمد تقی(ع) سے اس شخص کے لیے بہت زیادہ ثواب منقول ہے جو دن رات میں چھہتر مرتبہ سورہ اِنّا اَنْزَلْناھُ فِیْ لَیْلَۃِ القَدْر پڑھے اور اس کی ترتیب یوں ہے: طلوع فجر کے بعد اور نماز فجر سے پہلے سات مرتبہ، نماز فجر کے بعد دس مرتبہ زوال آفتاب کے بعد اور نافلہ ظہر سے پہلے دس مرتبہ ، نافلہ ظہر کے بعد اکیس مرتبہ،نماز عصر کے بعد دس مرتبہ، نماز عشائ کے بعد سات مرتبہ اور سونے کے وقت گیارہ مرتبہ. اس کے جملہ ثواب میں سے یہ بھی ہے کہ اﷲ تعالیٰ ایک ہزار فرشتے خلق فرماتا ہے جو اس شخص کے لیے چھتیس ہزار سال تک اس عمل کا ثواب لکھتے رہتے ہیں۔