اہل قرآن کا ثواب

(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) اپنے والد سے نقل کرتے ہیں کہ حضرت رسول اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے فرمایا۔ 
پیغمبروں اور رسولوں کے بعد اہل قرآن کے درجات بلند ہیں اہل قرآن کو ضعیف نہ سمجھو اور ان کے حقوق کو کم نہ سمجھو انکا خدا کے نزدیک بلند مقام ہے۔ 
مکہ میں قرآن ختم کرنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں کہ جو مکہ میں ایک جمعے سے دوسرے جمعے کے دوران یا اس سے کم یا زیادہ وقت میں قرآن مجید ختم کرے اور جمعہ والے دن تلاوت کا اختتام کرے تو اس کے دنیامیں آنے کے پہلے جمعہ سے لے کر آخری جمعہ تک کی تمام نیکیاں اس کے لئے لکھے گا او راگر جمعہ کے علاوہ کسی ا ور دن قرآن ختم کرے تب بھی یہی ثواب ہوگا۔ 
مشکل یا آسانی سے قرآن یاد کرنے کا ثواب 
(۱)راوی کہتا ہے کہ میں نے حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) کو یہ فرماتے ہوئے سناکہ جو مشکل سے قرآن یاد کرے گا اسے دو نیکیاں ملیں گی اور جو آسانی سے قرآن یاد کرے گا وہ نیک لوگوں کے ساتھ ہوگا۔ 
جوان مؤمن کے قرآن پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں جب کوئی جوان مؤمن قرآن مجید کی تلاوت کرتا ہے تو قرآن اسکے گوشت اورخون میں مخلوط ہو جاتا ہے اور اللہ تعالی اسے نیک اور مکرم فرشتوں کے ساتھ قرار دے گااور قیامت والے دن قرآن مجید آتش جہنم کے سامنے ڈھال ہوگا اس دن قرآن کہے گا مجھ پر عمل کرنے والوں کے علاوہ ہر عمل کرنے والے نے اپنا انجام پالیا ہے خدا تو انہیں بہترین انعامات سے نواز ۔ خدا قاری کو دو بہشتی لباس پہنائے گا اور اس کے سر پر تاج کرامت رکھے گا خدا قرآن کو مخاطب کرکے فرمائے گا اب راضی ہو قرآن کہے گا میں اس سے بھی بہتر جزء کا خواہشمند ہوں اب خدا دائیں طرف سے امن اور بائیں طرف سے ہمیشہ کی جنت عطا کرے گا پھر یہ بہشت میں داخل ہوگا اور بہشت میں اسے کہا جائے گا ایک ایک آیت کی تلاوت کرتے جاؤ تمھارے مزید درجات بلند ہوتے جائیں گے۔ اب قرآن کو مخاطب کرکے کہا جائے گا تمھاری آرزوئیں پوری ہوئی ہیں اب راضی ہو ؟ قرآن کہے ، جی ہاں پروردگار۔ امام فرماتے ہیں جو بہت زیادہ قرآن کی تلاوت کرے اور اس کا پابند رہے گاتو الله تبارک و تعالیٰ اسے دو بار یہی اجر عطا فرمائے گا۔ 
نماز یا غیر نماز میں کھڑے یا بیٹھ کر قرآن کی تلاوت کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں 
جو نماز میں کھڑے ہو کر قرآن پڑھے خدا اس کے ہر حرف کے بدلے میں ایک سو نیکیاں عطا کرے گا اور جو نماز میں بیٹھ کر قرآن کی تلاوت کرے گا الله اسے ہر حرف کے بدلے میں پچاس نیکیاں دے گا اور جو نماز کے علاوہ قرآن مجید کی تلاوت کرے گا تو الله اسے ہر حرف کے بدلے دس نیکیاں عطا کرے گا۔ 
نماز میں قرآن مجید کی ایک سو سے پانچ سو آیات کی تلاوت کرنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں 
جو نماز شب میں ایک سو آیات پڑھے گا تو الله اس کے لیئے ایک رات کی نماز لکھے گا اور جو نماز شب کے علاوہ رات کو دو سو آیات کی تلاوت کرے گا تو الله تعالیٰ لو ح محفوظ پر نیکیوں کا ایک قنطار لکھے گا ہر قنطار بارہ سو او قیہ کا ہوتا ہے اور ہر اوقیہ احد پہاڑ سے بڑا ہے۔ 
حافظ قرآن اور اس پر عمل کرنے والے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں 
کہ حافظ قرآن اور اس پر عمل کرنے والا بزرگ فرشتوں کا ہم نشین ہے۔ 
دقت سے حفظِ قرآن اور سونے سے پہلے ایک سورہ کی تلاوت 
(۱)راوی کہتا ہے کہ میں نے حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ جو حافظہ کی کمی کی وجہ سے مشقت اور سختی سے قرآن مجید کو حفظ کرنے کی سعی کرتا ہے ، اس کے دو اجر ہیں اور مزید فرمایابازار میں کا روبار کرنے والے تمھارے تاجر بھائی ایسا کیوں نہیں کرتے کہ جب گھر لوٹ آئیں اور سونے سے پہلے ایک سورہ کی تلاوت کرلیں تا کہ ان کے لئے ہر ہر آیت کے بدلے دس نیکیاں لکھی جائیں گی اور دس گناہ محو کردئے جائیں۔ 
آنے اور کوچ کرنے والے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں کہ حضرت رسول خدا (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)سے سوال ہوا کہ یا رسول الله (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)بہترین انسان کون ہے ؟ حضرت نے فرمایا آنے اورکوچ کرنے والا پوچھا گیا آنے اور کوچ کرنے والا کون ہے ؟ فرمایا شروع کرنے اور ختم کرنے والا۔ جو قرآن کو شروع کرے اور پھر ختم کرے تو خدا کے نزدیک اسکی دعا مقبول ہے۔ 
قاری قرآن کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں قرآن کی تلاوت کرنے والا غنی ہے اس کے بعد اسے کوئی فقر لاحق نہیں ہوگا اور تلاوت نہ کرنے والاغنی نہیں ہے۔ 
دیکھ کر قرآن پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں جو دیکھ کرقرآن مجید کی تلاوت کرے گا اسکی انکھیں قوی ہونگیں اور اگر اس کے ماں باپ کافر بھی ہوں تب بھی انکا عذاب کم ہوجائے گا۔ 
(۲) حضرت پیامبر گرامی (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) فرماتے ہیں شیطان کیلئے دیکھ کر قرآن پڑھنے کی نسبت کوئی چیز زیادہ سخت نہیں ہے۔ 
گھر میں قرآن رکھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) روایت نقل کرتے ہیں کہ میرے والدنے فرمایاگھر میں قرآن کا ہونا مجھے بہت اچھا لگتا ہے تا اس وجہ سے خدا شیطان کو گھر سے دور رکھتا ہے۔ 
دس سے ایک ہزار آیات کی رات میں تلاوت کرنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) کہتے ہیں کہ حضرت رسول خدا (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) نے فرمایا۔ جو شخص رات کو دس آیات کی تلاوت کرتا ہے وہ غافلوں میں نہیں لکھا جائے گا۔ او رجو پچاس آیتوں کی تلاوت کرتا ہے اسکا شمار ذاکروں (یاد کرنے والوں) میں ہوگا۔ اور جو ایک سو آیتوں کی تلاوت کرے گا وہ قنوت کرنے والوں میں لکھا جائے گا۔ اور دو سو آیتوں کی تلاوت کرنے والا خاشعین میں سے ہوگا اور جو تین سو آیات کی تلاوت کرے گا، اسکا کامیاب لوگوں میں شمار ہوگا اور پانچ سو آیتوں کی تلاوت کرنے والا مجتھدین میں لکھا جائے گا اور ایک ہزار آیتوں کی تلاوت کرنے والے کیلئے ایک قنطار ثواب لکھا جائے گااور ہر قنطار پندرہ ہزار سو نے کے مثقال کا ہے اور ہر مثقال چوبیس قیراط کا ہے اور سب سے چھوٹا قیراط کوہ احد کے برابر ہے جبکہ سب سے بڑا قیراط زمین و آسمان کی درمیانی و سعت کے برابر ہے۔ 
بہار قرآن کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں 
ہرچیز کی بہار ہے اور بہار قرآن ماہ رمضان ہے ۔ 
قرآن مجید کی ایک سو آیات پڑھکرسات مرتبہ یا الله کہنے کا ثواب 
(۱) حضرت امیر المؤمنین (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو شخص قرآن مجید کی کہیں سے بھی سو آیتوں کی تلاوت کرنے کے بعد سات مرتبہ یا الله کہے گا تو اگر وہ صخرہ نامی پتھر کو بد دعا کرے گا تو انشاالله وہ بھی اکھڑآئے گا۔ 
سورہ حمد پڑھنے کا ثواب 
حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
خداوند متعال کا اسم اعظم ام الکتاب یعنی سورہ حمد میں ہے۔ 
سورہ بقرہ و آل عمرا ن پڑھنے کا ثواب 
حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو شخص سورہ بقرہ اور آل عمران کی تلاوت کرے گا تو یہ دونوں سورتیں قیامت والے دن ابر یا سائبان کی طرح اس پر سایہ کئے رکھیں گی۔ 
سورہ بقرہ کی پہلی چار آیات، آیت الکرسی اور اسکے بعد والی دو آیات اور اس سورہ کی آخری تین آیات کی تلاوت کا ثواب 
حضرت امام زین العابدین (علیہ السلام) فرماتے ہیں کہ حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا۔ 
جو سورہ بقرہ کی پہلی چار آیات، آیت الکرسی اور اسکے بعد والی دو آیات، اور اس سورہ کی آخری تین آیات کی تلاوت کرے گا تو وہ خود اور اسکا مال ہر آفت سے بچا رہے گا۔ شیطان اس سے دور ہوگا اور وہ کبھی قرآن کو فراموش نہیں کرے گا۔ 
ہر نماز کے بعد اور سوتے وقت آیت الکرسی پڑھنے کا ثواب 
(۱)راوی کہتا ہے کہ میں نے حضرت امام رضا (علیہ السلام) کو یہ فرماتے ہوئے سنا۔ 
جو سوتے وقت آیت الکرسی کی تلاوت کرے گا انشااللہ اسے فالج ہونے کا خوف نہیں ہوگا اور جو اسے ہر نماز کے بعد پڑھے گا کوئی زھر اسے کوئی آسیب نہیں پہنچا سکے گا۔ 
ہر جمعہ کو سورہ نساء پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امیر الموٴمنین علی ابن ابی طالب (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو شخص ہر جمعہ والے دن سورہ نساء کی تلاوت کرے گا وہ فشار قبر سے محفوظ رہے گا۔ 
سورہ مائدہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو شخص ہر جمعرات کو سورہ مائدہ کی تلاوت کرے گا اسکا ایمان لباسِ ظلم نہیں پہنے گا اور وہ کبھی بھی شرک نہیں کرے گا۔ 
سورہ انعام پڑھنے کا ثواب 
(۱)جناب ابن عباس روایت کرتے ہیں کہ جو ہر رات سورہ انعام کی تلاوت کرے تو وہ قیامت والے دن امن میں ہوگا اور اپنی آنکھوں سے کبھی بھی جہنم کی آگ نہیں دیکھے گا۔ 
حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں کہ سورہ انعام اکٹھا نازل ہوا۔ نازل ہونے کے وقت ستر ہزار فرشتے اس پر نگران تھے اور پھر حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر نازل ہوا۔ لہذا اسے بہت بزرگ سورہ سمجھو اور اسکی تکریم کرو اگر لوگوں کو معلوم ہوتا کہ اسمیں کیا ہے؟ تو کبھی اسے ترک نہ کرتے۔ 
سورہ اعراف پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ جو شخص ہر ماہ میں ایک مرتبہ سورہ اعراف کی تلاوت کرے گا تو وہ قیامت والے دن ان لوگوں میں سے ہوگا جن کیلئے خوف و حزن نہیں ہے اور جو اسکی ہر جمعہ تلاوت کرے گا تو وہ ان لوگوں میں سے ہوگا جنکا قیامت والے دن کوئی حساب و کتاب نہیں ہوگا۔ آگاہ رہو! قرآن کے محکمات میں سے ایک محکم اسی سورہ میں بھی موجود ہے اور وہی قیامت والے دن تلاوت کرنے والے کی گواہی دے گا۔ 
سورہ انفال و توبہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو سورہ انفال اور توبہ کی ہر ماہ تلاوت کرے گا تو وہ کبھی بھی نفاق میں مبتلا نہ ہوگا اور امیرالموٴمنین کے شیعوں میں سے ہوگا۔ 
سورہ یونس پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ جو ہر دو یا تین ماہ میں ایک مرتبہ سورہ یونس کی تلاوت کرے گا تو اسے یہ خوف نہیں ہوگا کہ میں جاہل ہوں(بلکہ) قیامت والے دن وہ مقربین سے ہوگا۔ 
سورہ ہود پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ جو شخص ہر جمعہ سورہ ہود کی تلاوت کرے گا تو خداوند متعال قیامت والے دن اسے پیغمبروں کے گروہ میں محشور کریگا اور اس دن اسے بیگناہ سمجھا جائے گا۔ 
سورہ یوسف پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو سورہ یوسف کی ہر روز یا ہر شب تلاوت کریگا تو اللہ تعالی قیامت والے دن اسے حضرت یوسف کے جمال کی مانند خوبصورتی میں اٹھائے گا اور قیامت والے دن اسے کوئی خوف نہ ہوگا اور وہ خدا کے صالح بندوں میں سے ہوگا اور مزید فرمایا کہ یہ سورہ تورات میں بھی نازل ہوا ہے۔ 
سورہ رعد پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو سورہ رعد کی بہت زیادہ تلاوت کرے گا تو خدا اسے کبھی بھی صاعقہ( ) میں مبتلا نہ کرے گا خواہ وہ دشمن اہلبیت (علیھم السلام) ہی کیوں نہ ہو لیکن اگر وہ موٴمن ہو تو اسے بغیر حساب و کتاب جنت میں داخل کرے گا اور اگر وہ اپنے خاندان اور جان پہچان لوگوں کی شفاعت کرے گا تو اس کی شفاعت قبول ہوگی۔ 
سورہ ابراہیم و حجر پڑھنے کا ثواب 
حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو شخص جمعہ والے دن سورہ ابراہیم اور حجر کی دو رکعتوں میں تلاوت کرے گا وہ کبھی بھی فقر، دیوانگی اور مصیبت سے دوچار نہیں ہوگا۔ 
سورہ نحل پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو شخص ہر ماہ سورہ نحل کی تلاوت کرے گا تو وہ جرمانہ دینے اور ستر قسم کی بلاوٴں سے محفوظ رہے گا ان میں کمترین دیوانگی، جزام اور برص ہے۔ اور اسکا ٹھکانہ بہشت کے درمیان جنت عدن میں ہوگا۔ 
سورہ بنی اسرائیل پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو ہر شب جمعہ سورہ بنی اسرائیل کی تلاوت کرے گا تو جبتک وہ حضرت قائم ﴿عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف﴾ کی زیارت سے مشرف نہ ہوگا اور ان کے اصحاب سے نہ ہوگا، نہیں مرے گا۔ 
سورہ کھف پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امیر الموٴمنین علی ابن ابی طالب (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ 
جو قُل انّما انا بَشَر ٌ مِثلُکُم سے آخر سورہ تک کی تلاوت کرے گا تو اس کیلئے اللہ تعالیٰ اسکے بستر سے لے کر خانہ کعبہ تک نور پیدا کرے گا اور اگر وہ اہل مکہ سے ہوا تو اسکا نور بیت المقدس تک ہوگا۔ 
(۲)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو ہر جمعہ سورہ کھف کی تلاوت کرے گا تو وہ شھید کی موت مرے گا اور شھدا، کیساتھ اٹھے گا اور قیامت والے دن شھداء کے ہمراہ ہوگا۔ 
سورہ مریم پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو ہمیشگی کیساتھ سورہ مریم کی تلاوت کرتا رہے جبتک اپنی جان، مال اور اولاد سے بے نیاز نہیں ہوجائے گا، نہیں مرے گا اور آخرت میں حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کے اصحاب میں ہوگا اور نیز سلیمان بن داوٴد کی دنیاوی بادشاہت کی مثل اسے آخرت میں ملک اور بادشاہت سے نوازا جائے گا۔ 
سورہ طٰہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔سورہ طٰہ کی تلاوت ترک نہ کرو کیونکہ خدا اس سورہ اور اسکے قاری سے محبت رکھتا ہے، جو اسکی باقاعدگی سے تلاوت کرے گا تو قیامت والے دن خدا اسکا نامہٴ اعمال اسکے دائیں ہاتھ میں دے گا اور مسلمان ہوتے ہوئے جو اعمال انجام دے چکا ہے اسکا محاسبہ نہ ہو گا اور آخرت میں اتنا اجر ملے گا کہ وہ راضی ہوجائے گا۔ 
سورہ انبیاء پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو شخص سورہ انبیاء کی چاہت کے ساتھ تلاوت کرے تو وہ اس شخص کی مانند ہوگا جو ناز و نعمت سے بھر پور جنتوں میں انبیاء کا ہمنشین ہے۔ اور اپنی زندگی میں لوگوں کی آنکھ کا تارا ہوگا۔ 
سورہ حج پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو ہر تین دن میں ایک مرتبہ سورہ حج کی تلاوت کرے گا وہ ایک سال گزرنے سے پہلے حج پر جائے گا اور اگر سفر حج میں مرگیا جو جنت میں داخل ہوگا۔ راوی کہتا ہے کہ اگر ہمارے مخالفوں میں سے تھا تو پھر؟ حضرت نے فرمایا اس کا کچھ عذاب کم ہوجائے گا۔ 
سورہ مومنین پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو شخص سورہ مومنین کی تلاوت کرے گا خدا اسکا خاتمہ سعادت پر کرے گا اور جو ہر جمعہ باقاعدگی سے اسکی تلاوت کریگا تو فردوس اعلیٰ میں اسکی منزل پیغمبروں اور رسولوں کیساتھ ہوگی۔ 
سورہ نور پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔سورہ نور کی تلاوت سے اپنے مال، جان اور خواتین کی حفاظت کرو۔ جو اسکی ہر دن یا رات میں باقاعدگی سے تلاوت کریگا تو اسکے مرنے تک اسکے خاندان کا کوئی فرد بھی زنا نہیں کرے گا اور جب وہ مرے گا تو قبر تک ستر ہزار فرشتے اسکی تشیع جنازہ کریں گے اور قبر میں داخل کرنے تک اسکے لئے دعا اور اللہ سے استغفار کرتے رہیں گے۔ 
سورہ فرقان پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام موسیٰ کاظم (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔اے ابن عمار سورہ ”تَبارَکَ الّذِی نَزَّلَ الفُرقانَ عَلی عَبدِہِ“ کی تلاوت ترک نہ کرنا جو بھی ہر رات اسکی تلاوت کرے گا خدا اسے کوئی عذاب نہ دے گا اور اسکا محاسبہ نہ ہوگا اور اسکی منزل فردوس اعلیٰ میں ہوگی۔ 
سورہ نمل، شعراء و قصص پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو سورہ طواسین(نمل، شعراء،قصص) کی شب جمعہ تلاوت کرے گا تو وہ اولیاء اللہ سے ہوگا اور اللہ کی پناہ میں امن سے ہوگا اور کبھی بھی ناداری کا شکار نہ ہوگا اور آخرت میں اپنی خواہش سے زیادہ جنت کا حقدار ٹھہرے گا اور اللہ تعالیٰ ایک سو حورالعین کیساتھ اس کی تزویج کرے گا۔ 
سورہ عنکبوت اور روم پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔اے ابا محمد، خدا کی قسم جو تئیسویں ماہ رمضان کی رات کو سورہ عنکبوت اور روم کی تلاوت کرے گا، وہ اہل بہشت سے ہوگا، میں کسی کا استثناء نہیں کرتا۔ خدا اس قسم کا مجھ پر کوئی گناہ نہیں لکھے گا، ان دونوں سورتوں کی اللہ کی نزدیک بہت قدر و منزلت ہے۔ 
سورہ لقمان پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو ہر شب سورہ لقمان کی تلاوت کرے گا تو اس رات خدا فرشتوں کو نگہبان بنائے گا کہ صبح تک ابلیس اور اس کے لشکر سے اس کی حفاظت کریں۔ اور اگر دن میں اسکی تلاوت کرے تو رات تک ابلیس اور اسکے لشکر سے اسکی حفاظت کریں گے۔ 
سورہ سجدہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ 
جو ہر جمعہ سورہ سجدہ کی تلاوت کرے تو خدا اسکا نامہ اعمال دائیں ہاتھ میں دے گا اور اسکے اعمال کا محاسبہ نہ ہوگا اور وہ حضرت محمد اور آپ کی اہل بیت کے رفقاء میں سے ہوگا۔ 
سورہ احزاب پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو سورہ احزاب کی زیادہ سے زیادہ تلاوت کرے گا تو قیامت والے دن حضرت محمد اور ان کی ازواج کے جوار میں ہوگا، سورہ احزاب میں قریش اور غیر قریش کی بعض خواتین اور مردوں کی رسوائی ہے اے ابن سنان اسی سورہ احزاب نے قریشی خواتین کو رسوا کیا۔ 
سورہ سبا و فاطر پڑھنے کا ثواب 
حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔اگر کوئی سورہ سبا اور فاطر کی رات کو تلاوت کرے تو اس رات خدا اسکی حفاظت اورنگہداری کریگا اور اگر ان سورتوں کو دن میں تلاوت کیا جائے تو اس دن کسی قسم کی ناگواری نہیں دیکھے گا اور خدا اسے اتنی زیادہ دنیا و آخرت میں خیر اور بھلائی دے گا کہ اس نے کبھی اسکا سوچا تک نہیں ہوگا اور آرزو تک نہ کی ہوگی۔ 
سورہ یاسین پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ ہر چیز کا ایک قلب ہوتا ہے اور قلبِ قرآن یاسین ہے۔ جو سونے سے پہلے یا دن کے کسی حصّہ میں اسکی تلاوت کرے گا تو اس دن محفوظ رہے گا اور خداسے روزی پائے گا اور جو رات کو سونے سے پہلے اسکی تلاوت کریگا تو خداوند متعال ستر فرشتوں کی ڈیوٹی لگائے گا کہ اسکی شیطان کے شر اور ہر آفت سے حفاظت کی جائے۔ اگر اگلے دن مرجائے تو خدا اسے بہشت میں داخل کرے گا اور تیس ہزار فرشتے غسل دیتے وقت وہاں موجود ہونگے اور اس کیلئے استغفار کریں گے اور دعائے مغفرت کیساتھ قبر تک تشییع جنازہ میں شریک ہونگے اور جب اسے قبر میں داخل کیا جائے گا تو پہلے فرشتے قبر میں داخل ہوکر عبادت کریں گے اور اس عبادت کاثواب اس کے لئے ہوگا اور تا حدِ نگاہ اسکی قبر کو وسعت عطا فرمائے گا اور وہ فشارِ قبر سے امن میں رہے گا اور اس کی قبر سے لیکر آسمان تک درخشان نور اس وقت تک باقی رہے گا جبتک خدا اسے قبر سے نکال نہیں لیتا۔ اور جب اسے قبر سے نکالیں تو اس کے ساتھ فرشتے گفتگو کریں گے اسکا چہرہ خوشحال ہوگا اور وہ اسے ہر مقام پر مژدہٴِ خیر سنائیں گے یہاں تک کہ پلِ صراط اور میزان کو عبور کرے گا اور اسے خدا کے اتنا نزدیک لے جائیں گے کہ مقرب فرشتوں اور مرسل انبیاء کے علاوہ کوئی خدا کے اتنا نزدیک نہ ہوگا۔ وہ پیغمبروں کی ہمراہی میں بارگاہ خداوندی میں کھڑا ہوگا جبکہ دوسرے لوگ غمگین، پریشان اور بیتاب ہونگے اسے کوئی غم، پریشانی اور مشکل نہ ہوگی۔ اس وقت خداوند متعال اسے فرمائے گا تو جس کی چاہے شفاعت کر۔ میں تیری شفاعت قبول کرونگا اور مانگ جو مانگنا چاہتا ہے تجھے عطا کروں۔ وہ جو چاہے گا اسے ملے گا اور جس کی شفاعت کرے گا قبول ہوگی حالانکہ بعض لوگوں کا محاسبہ ہو رہا ہوگا۔ انہیں روکا گیا ہوگاوہ ذلیل ہو رہے ہونگے مگر اسکے لئے کوئی حساب کتاب نہیں ہوگا، کوئی نہیں روکے گا اور اس کے لئے کسی قسم کی ذلت نہ ہوگی اپنے کسی بھی غلط کام پر بدبختی کا سامنا نہیں کرے گا اور نامہ اعمال کھول کر اسے دیا جائے گا اور جب خدا کی بارگاہ سے نیچے آئے گا تو لوگ اسے دیکھ کر سبحان اللہ کا ورد کرتے ہوئے کہیں گے اس عبد خدا کی کوئی خطا نہ تھی اور اسے حضرت محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)کی رفاقت نصیب ہوئی ہے۔ 
(۲)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں جو اپنی زندگی میں ایک مرتبہ سورہ یاسین کی تلاوت کرے گا تو خداوند متعال زمین، آخرت اور آسمان کی ہر مخلوق کے حساب سے اسکی دوہزار نیکیاں لکھے گا اور دو ہزار گناہ محو کردے گا اور وہ فقر، مالی نقصان دیوار کے نیچے آکر مرنے، بیچارگی، دیوانگی، جزام، وسوسے اور ہر نقصان، دہ بیماری سے محفوظ رہے گا اور خدا موت کی سختیوں اور خوف کو آسان کردے گا اور خود اسکی روح قبض کرے گا اور اس کا شمار ان لوگوں میں ہوگا جنکی زندگی میں وسعت، ملاقاتِ خداکے وقت فرحت و خوشی، اور آخرت میں ثواب الہی پر راضی ہونے کی خود خدا نے ضمانت دی ہے اور خدا زمین و آسمان پر موجود تمام فرشتوں سے فرمائے گا میں فلاں شخص سے راضی ہوں تو تم سب اس کے لئے استغفار کرو۔ 
سورہ صافات پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں ۔ 
جو شخص ہر جمعہ سورہ صافات کی تلاوت کرے گا وہ ہر آفت سے محفوظ ہوگا اور دنیاوی زندگی کی ہر مشکل اس سے دور ہوگی اور دنیا کے تمام لوگوں کے رزق کی نسبت بہترین رزق اس کا مقدر ہوگا، اس کے مال، اولاد اور جسم پر اللہ تعالیٰ کسی راندہ شیطان اور جابر سلطان کا کوئی ظلم نہیں ہونے دے گا اگر اس دن یا رات کو مرجائے تو خدا اسے شھید اٹھائے گا اور اسے شھادت(کی موت) نصیب کریگا اور اسے شھداء کے ساتھ جنت میں داخل کرے گا۔ 
سورہ ص پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو ہر شب جمعہ سورہ’ص“ کی تلاوت کرے گا تو اسے اس قدر دنیا و آخرت کی بھلائی نصیب ہوگی جو انبیاء مرسل اور مقرب فرشتوں کے علاوہ کسی کو نصیب نہیں ہوئی۔ خدا اسے اور اس کے خاندا ن کے افراد کو (جس فرد کو بھی وہ چاہے گا خواہ اسکا خدمتگذار ہی کیوں نہ ہو) بہشت میں داخل کرے گا۔ اگر چہ وہ اسکے خاندان سے یا ان افراد سے نہ ہو جس کی یہ شفاعت کرسکتا ہے۔ 
سورہ زمر پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو شخص سورہ زمر کی تلاوت کرے اور تلاوت کو زبان پر آسان سمجھے تو اللہ تعالیٰ اسے دنیا و آخرت کا شرف عطا فرمائے گا اور مال، خاندان اور اقوام کے بغیر ہی اسے عزیز سمجھے گا اور ہر دیکھنے والی آنکھ میں اس کے لئے بزرگی عطا فرمائے گا اور اسکے جسم کو آگ پر حرام قرار دے گا بہشت میں اسکے لئے ہزار شہر تعمیر کروائے گا ہر شہر میں ایک ہزار محل ہونگے اور محل میں ایک سو حورالعین ہونگیں۔ اسکے علاوہ دو چشمے عمومی، دو چشمے درختوں کے نیچے اور دو سرسبز و خرم چشمے جاری کرے گا اور حور العین کو باپردہ رکھے گا۔ اسی طرح مختلف قسم کی نعمتیں اور میوے عطا کرے گا ہر میوہ دو قسم کا ہوگا(ایک دنیاوی قسم کا اور دوسرا اخروی قسم کا ہوگا۔ 
سورہ حم موٴمن پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو سورہ حم موٴمن کی ہر رات تلاوت کرے گا تو خدا اس کے ابتداء سے آخر تک کے تمام گناہ بخش دے گا اور اسے باتقویٰ بنائے گا اور اس کی آخرت کو دنیا سے بہتر بنائے گا۔ 
سورہ حم سجدہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو شخص سورہ حم سجدہ کی تلاوت کرے گا تو قیامت والے دن اسکے لئے یہ سورہ خوشحالی کا موجب بنے گا اور یہ سورہ اسکے لئے ایسا نور ہوگا جو تا حد نگاہ دیکھا جاسکے گا وہ اس دنیا میں عمدہ زندگی کا مالک ہوگا اور دوسروں کیلئے اس کی آرزو کرنے والا ہوگا۔ 
سورہ حم عسق پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو سورہ حم عسق کی باقاعدگی سے تلاوت کرے گا تو اللہ تعالیٰ جب قیامت والے دن اسے اٹھائے گا تو اسکا چہرہ برف کی طرح سفید اور سورج کی طرح درخشاں ہوگا۔ یہاں تک کہ وہ بارگاہ خداوندی میں کھڑا ہوگا خدا فرمائے گا میرا بندہ حم عسق کی باقاعدگی سے تلاوت کرتا تھا اور اسکے ثواب کو نہیں جانتا تھا، اگر یہ جانتا ہوتا کہ یہ کیا ہے؟ اور کسقدر ثواب کا حامل ہے تو کبھی بھی اسکی تلاوت سے تنگ نہ آتا۔لیکن میں تجھے اس کے جزا اور ثواب پر پہنچاتا ہوں، اللہ فرمائے گا اسے جنت میں لے جاوٴ، سرخ یاقوت سے بنا ہوا محل اسکا ہے جس کے دروازے، سیڑھیاں اور اسکا بالائی حصہ بھی سرخ یاقوت کا ہے اسکا باہر والا حصّہ اندر سے اور اندر والا حصّہ باہر سے دیکھا جاسکتا ہے اسکے لئے ایک ہزار غلام بچے ہونگے جو ہمیشہ بچے ہی رہیں گے اور کنیزیں ہونگیں اور اسی طرح اس کی خدمت کرتی رہیں گی خدا نے(قرآن میں) ان کی توصیف بیان کی ہے۔ 
سورہ زخرف پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو ہمیشہ سورہ حم زخرف کی تلاوت کرے گا، خدا اپنے حضور پیش ہونے تک اسکی قبر کو زہریلے حشرات اور حیوانات کیساتھ ساتھ فشار قبر سے محفوظ رکھے گا یہاں تک کہ یہ سورہ اللہ تعالی کے حضور میں حاضر ہوگا اور اسے اللہ کے حکم سے جنت میں داخل کیا جائے گا۔ 
سورہ دخان پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جوسور ہ دخان کی واجب اور مستحب نمازوں میں تلاوت کرے گا تو قیامت والے دن اللہ اسے امان یافتہ لوگوں میں محشور کرے گا۔اور اپنے عرش کے نیچے اس پر سایہ فگن ہو گا۔اس کے حساب میں آسانی کرے گا اور اس کے دائیں ہاتھ میں نامہ اعمال دے گا۔ 
سورہ جاثیہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ سورہ جاثیہ کی تلاوت کرنے کا ثواب یہ ہے کہ اس سورہ کی تلاوت کرنے والا کبھی بھی جہنم کو نہیں دیکھے گا اور جہنم کا شور و غوغا اسے نہیں سنایا جائے گا اور اسے حضرت محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کی ہمراہی نصیب ہوگی۔ 
سورہ احقاف پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ جو ہر رات یا ہر جمعہ سورہ احقاف کی تلاوت کرے گا تو خدا اسے دنیاوی زندگی میں ترس و خوف میں مبتلا نہ کرے گا اور قیامت میں بھی ہر خوف سے امن میں ہوگا۔ انشائاللہ……… 
سورحم پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔سورہ ھای حم قرآن کی عمدہ خوشبو ہیں۔ جب بھی ان کی تلاوت کرو تو خدا کی بہت زیادہ حمد وثنا اور شکر ادا کرو۔ جب بھی کوئی ان کی تلاوت کرتا ہے تو اس کے منہ سے مشک اور عنبر سے زیادہ خوشبو آتی ہے اس وقت خداوند متعال اسکی تلاوت کرنے والے قاری، اسکے ہمسائے، دوست، آشنا اور تمام قریبی لوگوں پر رحمت نازل کرتا ہے اور قیامت والے دن عرش، کرسی اور مقرب فرشتے اس کے لئے استغفار کریں گے۔ 
سورہ محمد پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ جو شخص سورہ محمد کی تلاوت کریگا اسے کبھی بھی ریب اور شک کا سامنا نہ کرنا پڑے گااور وہ کبھی بھی اپنے دین پر شک نہ کرے گا ۔خدا کبھی بھی اسے فقر اور سلطان(پادشاہ) کے خوف میں مبتلا نہیں کرے گا اور مرنے تک ہمیشہ کیلئے شک اور کفر سے محفوظ رہے گا اور جب مرجائے گا تو خدا ایک ہزار فرشتوں سے کہے گا کہ اسکی قبر میں جا کر نماز پڑھو اور اس نماز کا ثواب اسے ملے گا اور یہ فرشتے خدا کے نزدیک جائے أمن تک اسکی راہنمائی کریں گے اور یہ اللہ اور حضرت محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کی امان میں ہوگا۔ 
سورہ فتح پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ سورہ فتح کی تلاوت سے اپنے مال، خواتین اور لونڈیوں کی حفاظت کرو۔ جو اسکی باقاعدگی سے تلاوت کرے گا تو اس کے لئے ایک منادی قیامت والے دن ندا کرے گا جیسے پوری مخلوق سنے گی کہ تم مخلص بندوں سے ہو اور کہا جائے گا کہ اسے صالحین کیساتھ ملحق کرو، اور نعمتوں سے بھری ہوئی جنت میں لے جاوٴ، اور کافور کی مانند ٹھنڈا مہر شدہ جام پلاوٴ۔ 
سورہ حجرات پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جوشب و روز سورہ حجرات کی تلاوت کرے گا وہ حضرت محمد کے زائرین سے ہوگا۔ 
سورہ ق پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ جو واجب اور نافلہ نمازوں میں باقاعدگی کیساتھ سورہ ق کی تلاوت کرے گا تو اللہ اسکے رزق میں وسعت عطا فرمائے گا اور اسکا نامہ اعمال دائیں ہاتھ میں دیگا اور اس کا آسان حساب و کتاب لے گا۔ 
سورہ ذاریات پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو سورہ ذاریات کو رات یا دن میں پڑھے گا تو اللہ تعالی اسکے امورِ زندگی کی اصلاح کرے گا اور اسے وسیع رزق دے گا اور اس کی قبر کو ایک چراغ کیساتھ نورانی کریگا جو قیامت تک نہیں بھجے گا۔ 
سورہ طور پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) اور حضرت امام باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ جو سورہ طور کی تلاوت کرے خدا اسے دنیا اور آخرت کی بھلائی دے گا۔ 
سورہ نجم پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ جو شخص ہر شب و روز باقاعدگی سے سورہ نجم کی تلاوت کرے گا وہ لوگوں کے درمیان پسندیدہ زندگی گزارے گا اور لوگوں میں مغفور(بخشا ہوا) اور محبوب ہوگا۔ 
سورہ قمر پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو سورہ قمر کی تلاوت کرے گا اللہ اسے بہشت کے اونٹوں میں سے ایک اونٹ پر سوار کرکے قبر سے نکالے گا۔ 
سورہ رحمن پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔سورہ رحمن ہمیشہ پڑھا کرو اور اسکی تلاوت ترک نہ کرو کیونکہ منافق کے دل میں اسکی کوئی جگہ نہیں۔ قیامت والے دن اللہ اسے ایک خوبصورت اور خوشبو سے مزین انسان کی شکل میں لائے گا اور یہ خدا کے اتنا نزدیک ہوگا کہ کوئی اس جتنا خدا کے قریب نہ ہوگا اس سے سوال ہوگا کہ دنیاوی زندگی میں کون تیری ہمیشہ اور باقاعدگی سے تلاوت کرتا تھا۔ یہ جواب دیگا، پروردگارا، فلاں اور فلاں، تو ان کے چہرے سفید کردیئے جائیں گے اور انہیں کہا جائے گا کہ جس کی چاہتے ہو شفاعت کرو۔ وہ بے حدو حساب لوگوں کی شفاعت کریں گے۔ یہاں تک کہ کوئی بھی ایسا نہیں بچے گا کہ جس کی یہ شفاعت کرنا چاہتے تھے اور پھر ان سب سے کہا جائے گا جاوٴ، جنت میں داخل ہوجاوٴ اور جہاں چاہو سکونت اختیار کرو۔ 
(۲)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو سورہ رحمن کی تلاوت کرے اور جب بھی(فَبِأَیِّ اَلَاءِ رَبِّکُماٰ تُکَذِّباٰنِ) پر پہنچے اور یہ کہے”لَا بِشیءٍ مِن اَلائِکَ رَبِّ اُکَذِّبُ“ اور رات کو تلاوت کرے اور مرجائے تو شھید کی موت مرا ہے اور اگر دن میں تلاوت کرے اور مرجائے تب بھی شھید کی موت مرا ہے۔ 
سورہ واقعہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو ہر شب جمعہ سورہ واقعہ کی تلاوت کرے گا تو اللہ اس سے محبت کرے گا اور اسکی محبت کو تمام لوگوں کے دلوں میں جگہ دے گا۔ اور اسے بدبختی، فقر، ناداری اور دنیا کی آفات میں سے کسی آفت میں دوچار نہیں کرے گا اور وہ حضرت امیرالموٴمنین کے رفقاء سے ہوگا۔ یہ سورہ فقط حضرت امیرالموٴمنین کیساتھ مخصوص ہے اور کوئی دوسرا اس میں شریک و سھیم نہیں ہے۔ 
(۲)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو شخص بہشت اور اسکے اوصاف کا مشتاق ہے وہ سورہ واقعہ کی تلاوت کرے اور جو جہنم کے اوصاف جاننا چاہتا ہے وہ سورہ لقمان کی تلاوت کرے۔ 
(۳)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو رات کو سونے سے پہلے باقاعدگی سے سورہ واقعہ کی تلاوت کرے گا تو اسکی خدا سے اس حالت میں ملاقات ہوگی کہ اسکا چہرہ چودھویں کے چاند کی مانند ہوگا۔ 
سورہ حدید و مجادلہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو شخص ہمیشہ واجب نماز میں سورہ حدید اور مجادلہ کی تلاوت کرے گا تو خدا مرنے تک اسے کسی عذاب میں مبتلا نہ کرے گا، وہ اور اسکا خاندان کسی مشکل میں گرفتار نہ ہوگا اور اسکا بدن صحیح و سالم اور بے عیب ہوگا۔ 
سورہ حشر پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت رسول اعظم (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) ارشاد فرماتے ہیں۔ 
جو شخص سورہ حشر کی تلاوت کرے گا تو کوئی جنت، جہنم، عرش، کرسی، حجاب، آسمان، زمین، فضاء، ہوا، پرندہ، درخت، پہاڑ، سورج، چاند اور فرشتہ ایسا نہیں ہوگا جو اس کے لئے درود نہ بھیجے اور اسکے لئے استغفار نہ کرے، اگر وہ اسی دن یا رات کو مرجائے تو شھید کی موت مرا ہے۔ 
سورہ ممتحنہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام زین العابدین (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ 
جو واجب اور مستحب نمازوں میں سورہ ممتحنہ کی تلاوت کرے گا خدا اسکے دل کو ایمان کیلئے خالص کردے گا اور وہ چشمِ روشن کا مالک ہوگا، گرفتارِ فقر نہ ہوگا وہ اور اس کی اولاد مجنون و دیوانہ نہیں ہوگی۔ 
سورہ صف پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ 
جو سورہ صف کی تلاوت کرے اور واجب و مستحب نماز میں باقاعدگی سے پڑھے تو خدا اسے فرشتوں اور مرسل پیغمبروں کی صف میں قرار دے گا۔ 
سورہ جمعہ، منافقین اور اعلی پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ہمارے شیعوں پر واجب ہے کہ ہرشب جمعہ سورہ جمعہ اور اعلیٰ کی تلاوت کریں اور جمعہ کی نماز ظہر میں سورہ جمعہ اور منافقین پڑھیں۔ جو یہ عمل بجا لائے گاگویا وہ عملِ رسول بجا لانے والا ہے، اس عمل کی جزا اور ثواب یہ ہے کہ خدا اسے جنت عطا فرمائے گا۔ 
سورہ تغابن پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو واجب نماز میں سورہ تغابن کی تلاوت کرے گا تو یہ سورہ قیامت والے دن اسکی شفاعت کرے گا اور جس کی شھادت مقبول ہو اسکے نزدیک عادل شاہد ہوگا اور یہ سورہ جنت میں پہنچنے تک اس سے جدا نہ ہوگا۔ 
(۲)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو شخص سونے سے پہلے تمام مسبحات(وہ سورتیں جو تسبیح پروردگار سے شروع ہوتی ہیں) کی تلاوت کرے گا جبتک حضرت قائم آل محمد کو درک نہیں کرے گا، نہیں مرے گا اور اگر مرجائے اسے جوار ِحضرت رسول خدا نصیب ہوگا۔ 
سورہ طلاق و تحریم پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو واجب نماز میں سورہ طلاق اور تحریم پڑھے گا تو خدا اسے روزِ قیامت کے خوف اور حزن سے پناہ دے گا اور وہ جہنم سے معاف شدہ ہوگا، ان سورتوں کی تلاوت اور محافظت کی وجہ سے جنت میں داخل ہوگا کیونکہ یہ دونوں سورتیں حضرت رسول اعظم کے ساتھ خاص ہیں ۔ 
سورہ ملک پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو سونے سے پہلے واجب نماز میں سورہ ملک کی تلاوت کرے گا وہ صبح تک اللہ کی امان میں ہوگا نیز قیامت والے دن بھی جب تک جنت میں داخل نہ ہوگا اللہ کی امان میں ہوگا۔ 
سورہ قلم پڑھنے کا ثواب 
حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ 
جو واجب، مستحب نماز میں سورہ قلم پڑھے گا خدا ہمیشہ کیلئے اسے فقر سے نجات دے گا اور جب مرے گا تو اسے عذابِ قبر سے پناہ دے گا۔ 
سورہ حاقہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔سورہ حاقہ کی کثرت سے تلاوت کرو۔ اسے واجب اور مستحب نمازوں میں پڑھنا اللہ اور رسول پر ایمان رکھنا ہے یہ سورہ حضرت امیرالموٴمنین اور معاویہ کے متعلق نازل ہوا ہے۔ اس سورہ کا قاری خدا سے ملاقات کے دن تک اپنے دین پرباقی رہے گا۔ 
سورہ معارج پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ 
سورہ معارج کی کثرت سے تلاوت کرو کیونکہ قیامت والے دن خدا زیادہ پڑھنے والے سے گناہوں کے متعلق سوال نہ کرے گا اور بہشت میں حضرت محمد اور اہل بیت کیساتھ سکونت عطا کرے گا۔ 
سورہ نوح پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ 
جو اللہ پر ایمان رکھتا ہے اور قاری قرآن ہے وہ سورہ نوح کی تلاوت ترک نہ کرے۔ جوشخص صبر اور اللہ سے جزا چاہتے ہوئے واجب اور مستحب نمازوں میں اسے پڑھے گا تو اللہ اسے نیک لوگوں کیساتھ گھر عطاکرے گا۔ اور اس کی اپنی جنت کے علاوہ تین اور بہشتیں عطا کرے گا اور دو سو حور العین اور چار ہزار دوسری عورتوں کو اسکی بیویاں بنائے گا۔ 
سورہ جن پڑھنے کا ثواب 
حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو سورہ جن کی اپنی زندگی میں کثرت سے تلاوت کرتا ہے تو وہ آشوب چشم، جادو اور مکر جن سے محفوظ رہے گا اور حضرت محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے ہمراہ ہوگا اور کہے گا پروردگارا مجھے حضرت محمد کی ہمراہی کے علاوہ کسی اور چیز کی ضرورت نہیں ہے۔ 
سورہ مزمل پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو نماز عشاء یا آخر شب میں سورہ مزمل کی تلاوت کرتا ہے تو شب و روز سورہ مزمل کے ہمراہ اسکی گواہی دیں گے اور خداوند متعال اسے پاک و پاکیزہ زندگی اور موت عطا کریگا۔ 
سورہ مدثر پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ 
جو واجب نماز میں سورہ مدثر پڑھے گا تو یہ خدا کے ذمہ ہے کہ اسے حضرت محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے ہمراہ اسی مقام پر رکھے اور انشاء اللہ وہ دنیاوی زندگی میں کسی مشکل میں گرفتار نہ ہوگا۔ 
سورہ قیامت پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔ 
جو سورہ قیامت کو باقاعدگی سے پڑھتا رہے اور اس پر عمل کرتا رہے تو خدا اسے خوبصورت شکل کیساتھ حضرت رسول خدا (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے ساتھ قبر سے نکالے گا ۔اسے خوشخبری اور بشارت دی جائے گی اور وہ ہنستے ہوئے پل صراط اور میزان سے گزرجائے گا۔ 
سورہ انسان پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو ہر جمعرات کی صبح سورہ انسان کی تلاوت کرے گا تو خدا اسے آٹھ سو کنواری اور چار ہزار سابقہ شادی شدہ حورالعین سے اسکی تزویج کرے گا نیز ایک اور عمدہ حورالعین بھی اسے عطا کرے گا۔ اور اسے حضرت محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کی ہمراہی بھی نصیب ہوگی۔ 
سورہ مرسلات، نباء اور نازعات پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو سورہ مرسلات کی تلاوت کرے گا تو اللہ اسکے اور حضرت محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کے درمیان آشنائی پیدا فرمائے گا۔ اور جو ہر روز باقاعدگی سے سورہ نباء کی تلاوت کرے گا انشاء اللہ اسے ایک سال کے اندر اندر خانہ کعبہ کی زیارت نصیب ہوگی۔ اور جو سورہ نازعات کی تلاوت کرے گا وہ سیراب ہوکر مرے گا اور سیراب اٹھایا جائے گا نیز سیراب ہوکر جنت میں داخل ہوگا۔ 
سورہ عبس و تکویر پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) نے فرمایا۔جو سورہ عبس اور تکویر کی تلاوت کرے گا تو وہ خدا کے زیر سایہ ہوگا اور دوسروں کی خیانت سے محفوظ رہے گا اور وہ ظلِ خدا اور کرامتِ خدا(کا حقدار) ہوگا اور جنت میں جائے گا۔ اگر خداوند متعال چاہے تو یہ اس کی ذات کیلئے کوئی بڑا کام نہیں ہے۔ 
سورہ انفطار اور انشقاق پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) نے فرمایا۔جو ہمیشہ واجب اور مستحب نمازوں میں سورہ انفطار اور انشقاق کو پڑھے گا خدا اسکے اور اسکی حاجتوں کے درمیان کوئی فاصلہ نہیں ڈالے گاخدا اور اس کے درمیان کوئی مانع نہ ہوگا(اسے قرب خداوندی نصیب ہوگا) اور لوگوں کے حساب و کتاب فراغت پانے تک اللہ اس پر نظر کرم فرمائے گا۔ 
سورہ مطففین پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو واجب نماز میں سورہ مطففین کو پڑھے گا خدا قیامت والے دن اسے آگ سے محفوظ رکھے گا۔ نہ آگ اسے دیکھے گی اور نہ وہ آگ کو۔ وہ جہنم کے پل کو عبور نہیں کرے گا اور قیامت والے دن اسکا محاسبہ نہ ہوگا۔ 
سورہ بروج پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو واجب نماز میں سورہ بروج کو پڑھے گا، (کیونکہ یہ پیغمبروں کا سورہ ہے لہذا) اسکا حشر پیغمبروں، رسولوں اور صالحین کیساتھ ہوگا۔ 
سورہ طلاق پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو واجب نمازوں میں سورہ طلاق پڑھے گا اسکی اللہ کے نزدیک مقام و منزلت ہوگی اور جنت میں انبیاء اور ان کے اصحاب کی رفاقت نصیب ہوگی۔ 
سورہ اعلی پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق فرماتے ہیں۔جو واجب یا مستحب نماز میں سورہ اعلیٰ کی تلاوت کرے گا، انشاء اللہ قیامت والے دن اسے کہا جائے گا کہ جس دروازے سے تمھارا جی چاہے جنت میں داخل ہوجاوٴ۔ 
سورہ غاشیہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو واجب یا مستحب نماز میں سورہ غاشیہ کی باقاعدگی سے تلاوت کرے گا تو خدا اسے دنیا اور آخرت میں اپنی رحمت سے ڈھانپے گا اور قیامت والے دن اسے جہنم کی آگ سے امان دے گا۔ 
سورہ فجر پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ سورہ فجر کو واجب اور مستحب نمازوں میں پڑھو۔ یہ حضرت امام حسین ابن علی (علیھم السلام) کا سورہ ہے جو اس کی تلاوت کرے گا وہ قیامت والے دن جنت میں حضرت امام حسین (علیہ السلام) کے مقام پر ہوگا، بیشک خدا عزیز و حکیم ہے۔ 
سورہ بلد پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو واجب نماز میں سورہ بلد پڑھے گا وہ دنیا میں ایک صالح انسان، اور آخرت میں اس عنوان سے کہ اسکی خدا کے نزدیک بڑی منزلت ہے، پہچانا جائیگا۔ اور قیامت والے دن پیغمبروں، شھیدوں اور نیک لوگوں (صالحین) کا دوست سمجھا جائے گا۔ 
سورہ شمس، لیل، ضحی اور الم نشرح پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو شخص دن یا رات کو سورہ شمس، لیل، ضحی اور الم نشرح کی کثرت سے تلاوت کرے گا تو کائنات کی ہر چیز اسکے لئے گواہی دے گی یہاں تک کہ اسکے بال، جلد، گوشت، خون، رگیں،اعصاب، ہڈیاں اور روئے زمین پر موجود تمام چھوٹے چھوٹے ذرات بھی گواہی دیں گے خدا فرمائے گا میں نے اپنے عبد کے حوالہ سے تمھاری گواہی قبول کرلی ہے اور اسے کافی سمجھا ہے۔ اسے میری بہشتوں میں لے جاوٴ، اسے اختیار ہے جس بہشت کا چاہے انتخاب کرے اور اسے میرے احسان کے بغیر ہی سب کچھ دو۔ فقط میری رحمت اور فضل کے حوالہ سے اس پر عنایت کرو، خوشگواری تو میرے بندے کی خوشگواری ہے۔ 
سورہ تین پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو اپنی واجب اور مستحب نمازوں میں سورہ تین پڑھے گا ان شاء اللہ اسے اسکی خواہش کے مطابق جنت ملے گی۔ 
سورہ علق پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو دن یا رات کو سورہ علق کی تلاوت کرے اور پھر اسی دن یا رات مرجائے تو وہ شھید کی موت مرا ہے۔ خدا اسے شھید اٹھائے گا اور شھید زندہ کرے گا اور یہ اس شخص کی مانند ہوگا جو حضرت رسول خدا کیساتھ راہِ خدا میں تلوار چلاتا رہا ہو۔ 
سورہ قدر پڑھنے کا ثواب 
(۱) حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں جو سورہ قدر کی بلند آواز میں تلاوت کرے گاوہ راہِ خدا میں تلوار اٹھانے والے شخص کی طرح ہے اور جو اسے آہستہ آواز میں پڑھے گا وہ راہِ خدا میں خون میں لت پت شخص کی مثل ہے۔ جو دس مرتبہ اس کی تلاوت کرے گا خدا اس کے گناہوں میں سے ایک ہزار گناہ بخش دے گا۔ 
(۲)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو اپنی کسی واجب نماز میں سورہ قدر پڑھے گا تو ایک منادی ندا دے گا اے عبد! خدا نے تیرے گذشتہ گناہ معاف کردیئے ہیں اب نئے سرے سے عمل شروع کرو۔ 
سورہ بیّنہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو شخص سورہ بیّنہ کی تلاوت کرے گا وہ شرک سے دور ہوگا اور دین محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)میں داخل ہوگا، اللہ اسے موٴمن اٹھائے گا، اس سے آسان حساب لے گا۔ 
سورہ زلزلہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔سورہ زلزلہ کی تلاوت سے نہ اُکتا جو اسے مستحب نمازوں میں پڑھے گا تو خدا کبھی بھی اسے زلزلہ جیسی آفت میں مبتلا نہیں کرے گا جس سے اس کی موت واقع ہو۔ اسی طرح گرج دار بجلی اور دنیاوی آفات میں سے کسی آفت میں بھی مبتلا نہیں کرے گا۔ جب مرے گا اسے جنت جانے کا حکم دیا جائے گا، پروردگار عالم فرمائے گا، میں نے تجھ پر بہشت حلال کی ہے، جہاں چاہتے ہو سکونت اختیار کرو، یہاں کوئی منع کرنے والا اور دور(بھگانے) والا نہیں ہے۔ 
سورہ عادیات پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو سورہ عادیات کی باقاعدگی کیساتھ تلاوت کرے گا تو اللہ تعالیٰ قیامت والے دن خاص طور پر اسے حضرت امیر الموٴمنین کیساتھ محشور کرے گا اور وہ حضرت امیر کا ہم حجرہ اور دوستوں میں سے ہوگا۔ 
سورہ قارعہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو کثرت سے سورہ قارعہ کی تلاوت کرے گا تو اللہ تعالیٰ اسکی دجال کے فتنے پر عمل کرنے سے حفاظت کرے گا ۔اور انشاء اللہ اسے قیامت والے دن جہنم کی پیپ سے محفوظ رکھے گا۔ 
سورہ تکاثر پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو واجب نماز میں سورہ تکاثر کی تلاوت کرے گا اللہ اسکا اجر و ثواب ایک سو شہیدوں کے برابر قرار دے گا اور جو اسے مستحب نمازوں میں پڑھے گا اسے پچاس شہیدوں کے برابر ثواب ملے گا اور انشاء اللہ واجب نماز میں فرشتوں کی چالیس صفیں اس کیساتھ نماز پڑھیں گیں۔ 
(۲)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو سوتے وقت سورہ تکاثر کی تلاوت کرے گا وہ قبر کے عذاب سے امن میں ہوگا۔ 
سورہ عصر پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو مستحب نمازوں میں سورہ عصر کی تلاوت کرے گا تو خدا قیامت والے دن اسے درخشاں، خنداں اور خوشحال چہرے کیساتھ اٹھائے گا یہاں تک کہ جنت میں داخل ہوجائے گا۔ 
سورہ ہمزہ پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو واجب نمازوں میں سورہ ہمزہ کی تلاوت کرے گا خدا اس سے فقر کو دور کرے گا، رزق کے دروازے کھولے گا اور اس سے بری موت دفع کرے گا۔ 
سورہ فیل اور سورہ قریش پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو واجب نمازوں میں سورہ فیل کی تلاوت کرے گا تو تمام دشت، پہاڑ اور مٹی گواہی دیں گے یہ نمازی ہے اور قیامت والے دن منادی ندا دے گا کہ تم نے میرے عبد کے متعلق سچ کہا ہے، میں اس کے متعلق تمھاری گواہی قبول کرتا ہوں۔ اسی گواہی کے سبب اسے جنت میں داخل کرو اور اسکا محاسبہ نہ کرو کیونکہ میں اسے اور اس کے عمل کو محبوب جانتا ہوں۔ 
(۲)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو سورہ قریش کی کثرت سے تلاوت کرے گا اللہ قیامت والے دن اسے جنت کی سواریوں میں سے ایک سواری پربٹھائے گا۔ تاکہ وہ قیامت میں نور کے دسترخوان پر بیٹھے ۔ 
صاحب کتاب کہتے ہیں واجب نماز کی رکعت میں سورہ فیل اور قریش کی اکٹھی تلاوت کرنا چاہیئے کیونکہ یہ دونوں ایک سورہ شمار ہوتے ہیں۔ لہذا واجب نماز میں ان میں سے کسی ایک سورہ کو جداگانہ طور پر پڑھنا کافی نہیں ہے۔ 
سورہ ماعون پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو واجب اور مستحب نمازوں میں سورہ ماعون کی تلاوت کرے گا تو ان لوگوں میں سے ہوگا الله جن کی نماز اور روزہ قبول کرتا ہے اور اسکے دنیاوی زندگی میں انجام دیئے جانے والے کاموں کا محاسبہ نہ ہوگا۔ 
سورہ کوثر پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو واجب اور مستحب نمازوں میں سورہ کوثر کی تلاوت کرے گا۔ اللہ اسے قیامت والے دن جام کو ثر عطا کرے گا اور اس کی طوبیٰ کے درخت کے نیچے حضرت محمد (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کیساتھ نشست ہوگی۔ 
سورہ کافرون اور سورہ توحید پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) ارشاد فرماتے ہیں۔جو کسی واجب نماز میں سورہ کافرون اور توحید کی تلاوت کرے گا تو اللہ اسے، اسکے والدین اور اولاد کو معاف کردے گا، اگر وہ شقی ہوا تو دیوان اشقیاء سے اسکا نام مٹا کر سعداء کے دیوان میں لکھا جائے گا اللہ اسے سعید اور زندہ کرے گا اسے شھید کی موت عطا کرے گا اور شھید اٹھائے گا۔ 
سورہ نصر پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو واجب یا مستحب نماز میں سورہ نصر پڑھے گا تو خدا اسے تمام دشمنوں پر کامیابی عطا کرے گا اور جب قیامت والے دن آئے گا تو اس کیساتھ بولنے والی کتاب ہوگی۔ اور جب اللہ اسے قبر سے باہر نکالے گا تو اس میں جہنم کے پل، آگ اور جہنم کی خوفناک آوازوں کا امان نامہ موجود ہوگا۔ جس سے بھی اس کی ملاقات ہوگی وہ اسے خیر اور بھلائی کی بشارت اور خوشخبری دے گی یہاں تک کہ وہ جنت میں داخل ہوگا۔ اور دنیا میں اسباب خیر کے اتنے دروازے کھولے جائیں گے کہ جس کا یہ تصور تک نہیں کرسکتا اور جس کی اس نے کبھی آرزو تک نہ کی ہوگی۔ 
سورہ مسد پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جب بھی سورہ مسد کی تلاوت کرو تو ابولہب کو بددعا ضرور کرنا کیونکہ یہ ایسا جھوٹا ہے کہ رسول خدا اور جو کچھ اللہ کی طرف سے رسول پر نازل ہونے والی وحی کی تکذیب کیا کرتا تھا۔ 
سورہ توحید پڑھنے کا ثواب 
(۱)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو ہرروز پنجگانہ نماز تو پڑھتا ہو لیکن سورہ توحید کی تلاوت نہ کرتا ہو تو اسے کہا جائے گا اے بندہ خدا تو نمازی نہیں ہے۔ 
(۲)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو جمعہ والے دن سورہ توحید کی تلاوت نہ کرے اور مرجائے تو وہ ابولہب کے دین پر مرا ہے۔ 
(۳)حضرت امام صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو شخص کسی بیماری یا پریشانی میں ہو اور سورہ توحید کی تلاوت نہ کرے اور اسی بیماری یا پریشانی میں مرجائے تو وہ جہنمی ہے۔ 
(۴)حضرت امام جعفرصادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو اللہ اور قیامت پر ایمان رکھتا ہے اسکے لئے ضروری ہے کہ واجب نماز میں سورہ توحید کی تلاوت کرے۔ جو یہ کام کرے گا تو الله اسے دنیا اور آخرت کی بھلائی عطا فرمائے گا اور اسے، اسکے والدین اور اولاد کی مغفرت کرے گا۔ 
(۵)حضرت امیرالموٴمنین (علیہ السلام) فرماتے ہیں کہ حضرت رسول خدا نے فرمایا۔جو سوتے وقت سو مرتبہ سورہ اخلاص کی تلاوت کرے تو خدا اسکے پچاس سالہ گناہ بخش دے گا۔ 
(۶)حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) اپنے والد نقل کرتے ہیں کہ حضرت رسول خدا نے سعد بن معاذ کی نماز 
جنازہ پڑھائی اور فرمایا حضرت جبرائیل کے ہمراہ نوے ہزار فرشتوں نے اس کی نماز جنازہ پڑھی ہے۔ میں نے حضرت جبرائیل سے پوچھا آپ لوگ اس کی نماز جنازہ میں کیوں شریک ہوئے ہو؟ حضرت جبرائیل نے کہا، معاذ اٹھتے، بیٹھتے، سوار پیادہ اور آمد ورفت کے وقت سورہ توحید کی تلاوت کیا کرتا تھا۔ 
(۷)حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔جو اپنے بستر پر سوتے وقت گیارہ مرتبہ سورہ توحید کی تلاوت کرے توخدا اسکے گھر کے ساتھ ساتھ اطراف میں موجود دوسرے گھروں کی حفاظت کرتا ہے۔ 
(۸)راوی کہتا ہے کہ میں نے حضرت امیرالموٴمنین کو یہ فرماتے ہوئے سنا۔جو نماز صبح کے بعد گیارہ مرتبہ ”قل ہو اللہ احد“ پڑھے تو اس دن وہ گناہ نہیں کرے گا خواہ شیطان جتنی چاہے کوشش کرے اور اس طرح وہ ذلیل و خوار ہوگا۔ 
(۹)راوی کہتا ہے کہ میں نے حضرت امام موسیٰ کاظم (علیہ السلام) کو فرماتے ہوئے سنا۔ 
جو ظالم کی ملاقات سے پہلے سورہ توحید کی تلاوت کرے تو خدا آگے، پیچھے، دائیں، بائیں (غرض ہر طرف) سے اسکا دفاع کرے گاا ور ظالم کی طرف سے پہنچنے والے شر کے درمیان رکاوٹ پیدا کردے گا۔ اور اسے اس ظالم سے خیر نصیب کرے گا۔ مزید فرمایا جب کسی چیز سے خائف ہوجاوٴ تو قرآن مجید کی کوئی سی سو آیات کی تلاوت کرو اور پھر(آخر میں) تین مرتبہ کہو خدایا اس بلاء اور مصیبت کو مجھ سے دور فرما۔ 
(۱۰) حفص بن غیاث کہتے ہیں میں نے حضرت امام جعفر صادق (علیہ السلام) سے کسی شخص کو فرماتے ہوئے سناکہ آیا تجھے دنیا میں زندہ رہنا پسند ہے؟ اس نے کہا جی ہاں۔ حضرت نے پوچھا کیوں؟ اس نے جواب دیا کیوں کہ میں سورہ توحید کی تلاوت کرتا ہوں۔کچھ دیر بعد حضرت نے فرمایا اے حفص۔اگر ہمارے محبوں اور شیعوں میں سے کوئی مرجائے اور وہ اچھی طرح قرآن پڑھنا نہ جانتا ہو تو قبر میں اسے قرآن کی تعلیم دی جاتی ہے تا کہ خدا اسکو بلند درجات عطا کرے جان لو کہ بہشت کے درجات قرآنی آیات کی تعداد کے برابر ہیں۔ وہاں قاریِ قرآن سے کہا جاتا ہے قرآن پڑھو اور اگلے درجے میں جاوٴ۔ 
سورہ ناس اور سورہ فلق پڑھنے کا ثواب 
(۱) حضرت امام محمد باقر (علیہ السلام) فرماتے ہیں۔ 
جو نماز ”وتر“ میں سورہ ناس، فلق اور توحید کی تلاوت کرتا ہے تو اسے کہا جائے گا اے بندہ خدا تجھے بشارت ہو اللہ تعالی نے تیری نماز وتر قبول کرلی ہے۔