نماز فجر کی مخصوص تعقیبات

جاننا چاہیے کہ نماز فجر کی تعقیبات دیگر تمام نمازوں کی بہ نسبت زیادہ ہیں اور اس نماز کی خصوصی فضیلت کے بارے میں بہت سی احادیث وارد ہوئی ہیں . حضرت امیر المومنین - سے منقول ہے کہ تلاش رزق میں روئے زمین پر سفر کرنے کے مقابل نماز فجر کے بعد طلوع آفتاب تک ذکر الٰہی میں مشغول رہنا زیادہ کامل ہے حضرت رسول اکرم(ص) سے منقول ہے کہ جو شخص طلوع فجر سے طلوع آفتاب تک اپنے مصلّے پر بیٹھ کر تعقیبات میں مشغول رہے تو خدا اسے آتش جہنم سے محفوظ رکھے گا۔ امام محمد باقر - سے منقول ہے کہ شیطان اپنے دن کے لشکر کو طلوع صبح صادق سے طلوع آفتاب تک اور اپنے رات کے لشکر کو غروب آفتاب سے سرخی زائل ہونے تک زمین پر پھیلا دیتا ہے لہذا ان دو ساعتوں میں خدا کو بہت یاد کرو کہ ان دو وقتوں میں شیطان انسانوں کو غافل کر دیتا ہے، صحیح سند کے ساتھ منقول ہے کہ خراسان میں امام رضا- جب نماز فجر پڑھتے تو طلوع آفتاب تک اپنے مصلّے پر بیٹھ کر تعقیبات میں مشغول رہتے تھے اس کے بعد ایک تھیلی آپ(ع) کے پاس لائی جاتی جس میں مسواک ہوتے اور ان میں سے ایک ایک مسواک استعمال فرماتے تھے . پھر آپ(ع) تھوڑا ساکندر چباتے اور اس کے بعد قرآن مجید لے کر تلاوت میں لگ جاتے . حضرت رسول(ص) خدا سے منقول ہے کہ جو شخص طلوع فجر سے طلوع آفتاب تک تعقیبات میں مشغول رہے تو خداے تعالیٰ اس کیلئے حج کا ثواب لکھ دیتا ہے . حدیث قدسی میں ہے کہ حق تعالیٰ فرماتا ہے : اے فرزند آدم! تو مجھے صبح کے بعدایک ساعت اور عصر کے بعدایک ساعت تک یاد کیا کر تاکہ میں تیری تمام مشکلیں آسان اور حاجتیں پوری کردوں نماز فجر کی بعض مخصوص تعقیبات یہ ہیں ۔