رزق میں برکت کی دعا

شیخ احمد بن فہد اور دیگر علما نے روایت کی ہے کہ ایک شخص امام موسیٰ کاظم(ع) کی خدمت میں آیا اور شکایت کی کہ میرا کاروبار بند ہوچکا ہے جدھر کا رُخ کرتا ہوں ناکام رہتا ہوں اورجو حاجت پیش آتی ہے وہ پوری نہیں ہوتی . اس پر حضرت نے فرمایا کہ نماز فجر کے بعد دس مرتبہ یہ پڑھے:
سُبْحانَ اﷲِ الْعَظِیمِ وَبِحَمْدِھِ ٲَسْتَغْفِرُ اﷲ وَٲَسْٲَلُہُ مِنْ فَضْلِہ
پاک ہے خدائے بزرگ و برتر اپنی حمد کے ساتھ خدا سے بخشش ما نگتا ہوں اور اس کا فضل چاہتا ہوں۔
راوی کہتا ہے کہ میں نے تھوڑے ہی عرصہ تک یہ دُعا پابندی کے ساتھ پڑھی تھی کہ کچھ لوگ کسی گائوں سے آئے اور کہنے لگے کہ تمہارا ایک رشتہ دار فوت ہو گیا ہے اور سوائے تمہارے اس کا کوئی وارث نہیں ہے . پس اس طرح مجھ کو بہت سامال وزر مل گیا . اور اب میں کسی کا محتاج نہیں ہوں کتاب کافی اور مکارم میں روایت ہوئی ہے کہ ہلقام نامی ایک شخص حضرت کی خدمت میں حاضر ہوا اورعرض کیا مجھے کوئی ایسی دعا تعلیم فرمائیںجو میری دنیا اور آخر ت کے لئے جامع و یکساں مفید ہو اور آسان بھی ہو . حضرت نے اسے یہی مذکورہ بالا دُعا تعلیم فرمائی اور کہا کہ اسے نماز فجر کے بعد طلوع آفتاب تک پڑھا کرو ، اس نے یہ دعا پابندی کے ساتھ پڑھنا شروع کردی تو اس کے حالات بہتر ہوگئے۔