صبح و شام تسبیحات اربعہ پڑھنے کی فضیلت

ابن بابویہ(رح) نے معتبر سند کے ساتھ امام جعفر صادق - سے روایت کی ہے کہ حضرت رسول اﷲ نے فرمایا: بہشت میں چند مکان ایسے ہیں کہ جن کابیرونی حصہ اندر سے اور اندرونی حصہ باہر سے نمایاں ہے، ان میں جا کر میری امت کے وہ لوگ رہیں گے جو اچھی باتیں کہتے ہیں لوگوں کو کھانا کھلاتے ہیں ، جس سے بھی ملتے ہیں اسے سلام کرتے ہیں اور رات کو جب سبھی لوگ سو رہے ہوتے ہیں تو وہ اٹھ کر نماز پڑھتے ہیں . پھر فرمایا کہ اچھی باتیں یہ ہیں کہ صبح و شام دس دس مرتبہ کہا جاے:
سُبْحانَ اﷲِ وَالْحَمْدُ
اﷲ پاک ہے حمد اﷲ ہی کیلئے ہے
لِلّٰہِ وَلا إلہَ إلاَّ اﷲُ
نہیں کوئی معبود سوائے اﷲ کے اور 
وَاﷲُ ٲَکْبَرُ۔
اﷲ بزرگ تر ہے .
محاسن برقی(رح) میں صحیح سند کیساتھ حضرت امام محمد باقر - سے منقول ہے کہ رسول اﷲ ایک شخص کے پاس سے گزرے کہ جو باغ لگا رہا تھا ، آپ وہاں کھڑے ہوگئے اور اس سے فرمایا: آیا میں تمہیں ایسے باغ کے بارے میں نہ بتائوں کہ جس کی جڑیں اس باغ سے زیادہ مضبوط جس کے میوے اس سے جلدی پکنے والے زیادہ اچھے اور دیر تک رہنے والے ہوں ؟اس نے عرض کیا: یا رسول (ص)اﷲ! ضرور فرمایئے تب آپ(ص) نے ارشاد فرمایا کہ صبح و شام کہا کرو:
سُبْحَانَ اﷲِ وَالْحَمْدُ
اﷲ پاک ہے حمد اﷲ ہی کیلئے ہے
لِلّٰہِِ وَلا إلہَ إلاَّ اﷲُ
نہیں کوئی معبود سوائے اﷲ کے اور 
وَاﷲُ ٲَکْبَرُ۔
اﷲ بزرگ تر ہے .
تو ہر تسبیح کی تعداد کے برابر بہشت میں تمہارے لیے انواع و اقسام کے میوہ دار درخت لگاے جائیں گے . یہی بہتر تسبیحات وہ باقیات الصالحات ہیں جن کا ذکر قرآن مجید میں آیا ہے اور یہ مال دنیا سے زیادہ بہتر اور پائیدار ہیں :